ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہوناور میں ’ہوناور تنظیم سوسائٹی ‘ کا خوش آئند قیام : شاندار افتتاحی تقریب میں ہندو مسلم لیڈران کی شرکت

ہوناور میں ’ہوناور تنظیم سوسائٹی ‘ کا خوش آئند قیام : شاندار افتتاحی تقریب میں ہندو مسلم لیڈران کی شرکت

Tue, 15 Jan 2019 20:35:44    S.O. News Service

ہوناور:15؍جنوری (ایس او نیوز)اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کی تعلیمی ، سماجی فلاح وبہبودی اور ترقی جیسے اہم مقاصد لےکر اترکنڑا ضلع کے ہوناور میں  ’ہوناور تنظیم سوسائٹی‘ قیام عمل میں آیا ہے جس کی افتتاحی تقریب  13جنوری 2018بروز اتوار کو  جیون جیوتی ہال میں   منعقد ہوئی ۔

کے ایم ڈی سی کے سابق چیرمن سلیمان یو تلکنی نے  سوسائٹی کاافتتاح کرنےکے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مسلمانانِ ہوناور ایک عرصے کے بعد جاگے ہیں اور اس وقت جاگنا ضروری  بھی ہے۔کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے  تعلیم،مالیت ، صحت بہت ضروری ہوتے ہیں انہوں نے پڑوسی علاقہ بھٹکل کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے مسلمانوں نے ان تینوں میدانوں کی طرف خصوصی  توجہ دی جس کے نتیجے میں  آج  وہ ترقی کے اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔ انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ  ہوناور کی تنظیم سوسائٹی بھی سماجی خدمات کے ذریعے اسی طرح ترقی کرتےہوئے آگے بڑھے۔

مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتےہوئے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری نےکہاکہ  خدمت خلق کا اسلام میں بہت بڑا مقام ہے ، کیونکہ خدمت سے ہی خداملتاہے۔ اداروں کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ دلوں میں اخلاص ہو، دل میں کوئی کدورت نہ ہو، دل صاف ہوں تو اللہ کی مدد بھی حاصل ہوتی ہے اور ادارے ترقی پاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں اور بھی  تنظیمیں، ادارے  ہیں سب کاساتھ لےکر  ،ہندو، مسلمانوں کو ساتھ لےکر چلیں گے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جو اپنے حق کے لئے لڑتا ہے  اس کو ڈرنےکی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے نئی تنظیم کے ذمہ داروں کو  ہمت سے آگے  بڑھنے کی ترغیب دی اور بھٹکل تنظیم کی جانب سے کسی بھی طرح کے تعاون کی ضرورت ہو تو  ہر طرح کا تعاون دئے جانے کا تیقن دیا۔ 

بھٹکل ڈی وائی ایس پی ولنٹائن ڈیسوزانے کہاکہ قومی یک جہتی کو کہیں ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہے آج کے اس افتتاحی پروگرام کو دیکھیں تو یہاں ہر مذہب کے ماننے والے موجود ہیں، اسی کو  قومی یک جہتی کہتے ہیں۔ میری ترقی میں بھٹکل تنظیم کا بھی بہت رول ہے، بھٹکل میں امن قائم رکھنےمیں تنظیم کا اہم رول ہے، میری خواہش ہے کہ  ہوناور تنظیم سوسائٹی بھی بھٹکل تنظیم کونمونہ مان کر آگے بڑھے گی تو ان کی بھی ترقی یقینی ہے۔

بھٹکل سے تشریف فرما نوجوان وکیل عمران لنکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہوناور کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہاں کے مسلمانوں نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے  سب کو ساتھ لےکر آگے چلنے پر  راستہ آسان ہونے کی بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آزادی کے بعد 70برسوں میں مسلمانوں کی حالت بد سے بدتر  ہوگئی  ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی ہر سیاسی پارٹی نے ہمارا استحصال کیا ہے،  وہ کانگریس ہوکہ  بی جے پی یا جے ڈی ایس ہرایک  سیاسی پارٹی ، علاقائی ہو یا قومی سبھی  نے ہمیں سیاست کے طورپر استعمال کرتے ہوئے ہمارا استحصال کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ  ایسی تنظیموں سے قوم کو ایک طاقت مل سکتی ہے۔ سماجی خدمات، تعلیمی خدمات، روزگار مہیا کرنا، غریبوں کی مدد کرنا، بڑا نیک مقصد ہے متحد ہونے کی صورت میں  مقاصد پورے ہونے کا یقین دلایا۔ انہوں نے ملکی دستور میں شہریوں کو حاصل بنیادی حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے  بتایا کہ اپنے حقوق کی لڑائی ہمیں دستور کے مطابق لڑنی ہوگی۔  اس کے لئے ایسی تنظیموں کو آگے بڑھ کر کام کرنے کی اپیل کی ۔

ہوناور کے صنعت کار ، سماجی کارکن پردیپ نایک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ملک ایک خوبصورت و مساوات کا ملک ہے۔ موجودہ دنوں میں سیاست کی وجہ سے بہت ساری خرابیاں پیدا ہوئی ہیں۔ ہندو، مسلمان ، عیسائی سب کو مل کر متحد رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ   سیاست دان عوام کو بے وقوف بنا کر اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے  ہیں مگر بعد میں یہ لیڈران عوام کی کوئی فکر نہیں کرتے۔ انہوں نے ہندووں اور مسلمانوں کے درمیان پیدا کی جانے والی نفرت کی دیواروں کو  گرانے کی طرف عوام الناس کی توجہ دلائی۔ 

بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر  ساجد ملا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم سوسائٹی کے لئے  یہ جوش و خروش ابتدائی سفر کا  ہےیا د رکھیں  اس سفر میں انتہا نہیں ہوتی ،  اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھیں۔ انہوں نے بھٹکل تنظیم کے طریقہ کار کو اپنانے اور آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے قوم کے  نوجوانوں   کو اپنا وقت اور اپنی  صلاحیت ادارے کی خدمت میں لگانے کی اپیل کی۔

 اترکنڑا ضلع وقف بورڈ چیرمن محمد خیام موگڈ،ہوناور کے سی پی آئی چلویراجو ، مائنارٹی آفیسر شمس الدین، جگدیپ تنگیری ، مرڈیشور جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری شبر قادر باشا شیخ، سابق وزیر آرین نائک کے فرزند وکرم نائک، ہوناور جماعت المسلمین کے صدر سید جمال  آزاد ، شراوتی کونسل ہوناور کے صدر خواجہ ابکار اور صحافی جی یو بھٹ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کیا۔

تقریب کا آغاز مولانا تنویر رضا کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ تنظیم سوسائٹی کے سکریٹری جناب فاضل پٹھان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ فہد محمد رفیق شیخ نے حمد اور نعت پیش کی۔ محمد رفیق پٹھان نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ پروگرام کے درمیان میں قیوم خان نے ایک نظم پیش کی۔ ڈاکٹر اسماعیل تلکنی  نے تنظیم کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ  سیاسی ، سماجی ، تعلیمی سطح پر کئی کام انجام  دینا اور سیاسی استحصال کو روکنا ہوناور تنظیم سوسائٹی کے  اہم مقاصد میں شامل ہیں۔مولوی  صفوان موٹیا ندوی اور مبشرحُسین ہلارے نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ آخر میں محمد سلیم شیخ نے شکریہ اداکیا۔


Share: